مکۃ المکرمۃ7جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کی فضائی کمپنی Saudia نے باور کرایا ہے کہ اس نے معتمرین کی آمد ورفت کے لیے تمام سہولتیں پیش کرنے کے واسطے اپنی تیاریوں میں اضافہ کرتے ہوئے اضافی پروازوں کا نظام اوقات جاری کر دیا ہے۔ یہ اقدامات دنیا بھر سے عمرے کی ادائیگی کے لیے آنے والے اللہ کے مہمانوں کی خدمت اور دیکھ بھال کی کوششوں کا حصہ ہیں۔فضائی کمپنی سعودیہ کے سرکاری ترجمان انجینئر عبدالرحمن الطیب نے بتایا کہ ان کی کمپنی اس فضیلت والے مہینے میں معترمین کی خدمت کے لیے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ ان دنوں عمرے کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت پر لوگوں کا بہت زیادہ زور ہے جس کے سبب مملکت کی جانب سے اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے لیے کوششوں میں بھی بھرپور اضافہ ہو جاتا ہے۔الطیب نے مزید بتایا کہ حالیہ دنوں میں اُن پروازوں میں نشستوں کی گنجائش میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے جن کو عازمین عمرہ کی بڑی تعداد کا سامنا ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ دنیا بھر میں سعودیہ کے دفاتر عازمین عمرہ کے لیے خصوصی خدمات پیش کرنے کے واسطے مصروفِ عمل ہیں۔